Wednesday, May 3, 2023

عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی، عدالت کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات

عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی، عدالت کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے پیش نظر عدالت کے اطراف میں وفاقی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف میں خاردار تاریں اور کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔

عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کیلئے ازمان پارک لاہور سے روانہ ہوگئے۔ عدالت نے گزشتہ روز نو مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے کہا تھا عمران خان آج پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت منسوخ کردی جائے گی۔

اسلام آباد روانگی سے قبل وہیل چیئرپر بیٹھے عمران خان نے زمان پارک والی رہائشگاہ کے باہر خصوصی پیغام ریکارڈ کروایا۔

عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ دوپہردو بجے کرے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے۔

عمران خان کے ساتھ پندرہ وکلاء کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی، کورٹ روم نمبر ون میں وکلاء، صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا۔

وفاقی پولیس نے اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈھائی ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے آٹھ سو اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے جنہی واٹر کینن، آنسو گیس شیل مہیا کیے جائیں گے۔ اینٹی رائٹ فورس کے ساتھ ساتھ پولیس کو ربڑ کی گولیاں بھی مہیا کی جائیں گی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی موقع پرموجود ہوگی جبکہ ہنگامہ آرائی کی صورت میں کارکنان کو گرفتار کرنے کے لیے قیدی وین بھی موجود ہوں گی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی قسم کا اجتماع غیرقانونی ہوگا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف گھناؤنے ایکشن پلان کی معتبر اطلاع ہے، آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

اپنی ٹویٹ میں یہ خدشہ ظاہر کرنے والے بابراعوان نے چیف جسٹس سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لیںے کا مطالبہ بھی کیا۔

گزشتہ روز یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ طبیعت ناسازہونے پرشوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز نے عمران خان کو مکمل آرام کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں چلنے پھرنے میں احتیاط کی ہدایت کی تھی۔ ڈاکٹرزکی جانب سے کہا گیا تھا کہ عمران خان ٹانگ پر وزن ڈالنے سے احتیاط کریں، ان کی ٹانگ کا جلد دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز درخواستوں کی سماعت کی تھی ۔ وکیل سلمان صفدر نے عمران خان کی آج ہر صورت میں پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدرکا کہنا تھا کہ ان کے موکل کل (پرسوں) لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے حالانکہ ایسا ضروری نہیں تھا اور پیشی کے بعد شام سات بجے عمران خان کی ٹانگ پر سوجن کے باعث شوکت خانم اسپتال جانا پڑا جس پر جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے موکل پیش نہیں ہوئے اگر ہم حاضری کو چھوڑ بھی دیں تو شامل تفتیش نہ ہونے کا کیا کریں؟۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ میڈیکل گراؤنڈ پرپہلی باردرخواست دی ہے جس پر چیف جٹس ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ آپ میڈیکل رپورٹ بھی نجی اسپتال (شوکت خانم) کی دے رہے ہیں ،سرکاری ہسپتال سے علاج کیوں نہیں کراتے۔آپ کو علم ہے کہ ایسے کیسز میں سرکاری اسپتال کی رپورٹ ہوتی ہے۔

بینچ کے دوسرے رکن جسٹس گل حسن اورنگ زیبنے ریمارکس دیے تھے کہ، ’کبھی تھریٹ ہے، کبھی ٹانگ میں درد ہے، 4 پیشیوں پرعمران خان حاضرنہیں ہوئے، اس طرح تو کوئی اور ملزم بھی یہ آرڈر لیکر آئے گا کہ مثال موجود ہے۔

جواب میں سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ 3 ماہ میں کسی ایک شخص کیخلاف 140 مقدمات نہیں بنے، یہ حالات بھی غیر معمولی ہیں۔

چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ، ’آپ کسی بھی متعلقہ عدالت جاسکتے ہیں، درخواست گزار کی غیر موجودگی میں ہم دلائل نہیں سنیں گے، کل (آج ) صبح عمران خان آجاتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ ہم ضمانت خارج کر دیں گے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/joEdIcK

0 comments:

Popular Posts Khyber Times