ضلعی انتظامیہ نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بنائے جانے والے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کو سخت شرائط کے ساتھ جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دے دی۔
انتظامیہ نے اپوزیشن جماعتوں کو 16 اکتوبر کا جلسہ جناح اسٹیڈیم میں کرنے کی اجازت دی۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی تھی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منتظمین کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل کریں۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانولہ میں ہوگا جس کی میزبانی مسلم لیگ ن کرے گی، اسی طرح 18 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے جلسے کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کرے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے 18 نکاتی پابندیوں کے ساتھ کراچی میں ہونے والے جلسے کی اجازت دے دی۔ پی ڈی ایم کا جلسہ 18 اکتوبر کو باغ جناح میں منعقد کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے اجازت نامے میں درج کیا گیا ہے کہ مذکورہ پابندیوں کی خلاف ورزی پر منتظمین کے خلاف سخت ایکشن کیا جائے گا۔
جلسے میں ریاست پاکستان کے خلاف کسی قسم کی تقریر پر مکمل پابندی ہوگی، اسلحے کی نمائش اور جلسے کے اطراف سڑک کو بند یا ٹریفک کے لیے جام کرنے پر ممانعت ہوگی، کسی بھی جانی یا مالی املاک کے نقصان کی ذمہ دار بھی جلسے کی انتظامیہ ہوگی۔
اجازت نامے میں لکھا گیا ہے کہ ’جلسے کے منتظمین کو لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا، پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا ہوگا، گاڑیوں کی پارکنگ جلسہ گاہ سے ایک ہزار میٹر کی دوری پر کی جائے گی اور ایس اور پیز پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا‘۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے واضح کیا ہے کہ اجازت نامے کے نکات کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3lQ2mQy
0 comments: