Thursday, May 2, 2019

رانا تنویر چیئرمین پی اے سی جبکہ خواجہ آصف مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی لیڈر نامزد

مسلم لیگ (ن) نے رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی اور خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا
مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر حسین کو شہباز شریف کی جگہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو قومی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجا ظفرالحق اور خواجہ آصف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، رانا تنویر، خرم دستگیر، مشاہد حسین اور دیگر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے دست بردار ہوگئی اور رانا تنویر کو نیا چیئرمین پی اے سی نامزد کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی ہدایت پر ہی رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا جس کے بعد پارلیمانی رہنماؤں نے خواجہ آصف کو مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کی منظوری دی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف متحرک اور سینیئر پارلیمنیرین ہیں جنہیں شہباز شریف کی خواہش پر پارلیمانی لیڈر بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں جن کے پاس پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے علاوہ قومی اسمبلی میں اپنی جماعت کا پارلیمانی لیڈر کا عہدہ تھا۔

شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں گرفتار کیا تھا اور ان کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا تھا جسے بعدازاں لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ای سی ایل سے نکالا گیا۔

شہباز شریف اپنے علاج کی غرض اور پوتی کی عیادت کے لیے لندن گئے تھے اور ان کی وطن واپس نہ آنے سے متعلق مختلف چہ مگوئیاں ہورہی ہیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2DMpHPj

0 comments:

Popular Posts Khyber Times