Sunday, January 22, 2023

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ
ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کہیں بارش، کہیں برفباری اور کہیں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے بیشتر علاقے شدید ٹھنڈ کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

شمالی بلوچستان میں غیرمعمولی سردی سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے اور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا۔

توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی اور زیارت کے بالائی مقامات پر درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برفباری کے باعث بند ہونے والی کوئٹہ چمن شاہراہ، کوئٹہ قلعہ سیف اللّٰہ شاہراہ اور بلوچستان کی قومی شاہراہیں کھول دی گئیں، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ کے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں اب تک بند ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، ہنزہ منفی 7، اسکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4، اسلام آباد 3، پشاور 6، لاہور 9 اور کراچی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر برفباری کے بعد ملکہ کوہ سار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اور سوات کی سیاحتی رونقیں بحال ہوگئی ہیں، سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

مری میں سیاح رات دیر تک سڑکوں پر موسم انجوائے کرتے رہے، ملکہ کوہ سار میں صبح کا آغاز بھی برف باری سے ہوا۔

دوسری جانب سندھ کا مری کہلائے جانے والے گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی ہلکی برف باری ہوئی جہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرگیا۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/lI70PUt

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times