Sunday, September 27, 2020

طلال چوہدری پر حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل

طلال چوہدری

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

اے ایس پی پیپلز کالونی عبدالخالق کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری پر تشدد کے معاملے پر تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی فریقین کے بیان ریکارڈ کرے گی۔

اے ایس پی عبدالخالق کا کہنا ہے کہ خاتون ایم این اے کا بیان لینے ان کی رہائش گاہ آئے تھے لیکن ملازم نے بتایا کہ خاتون ایم این اے فیملی سمیت اسلام آباد چلی گئی ہیں، بیان لینے کے لیے اسلام آباد جانا پڑا تو وہاں بھی جائیں گے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری کا بھی بیان ریکارڈ کرنے کے لیے ان سے رابطہ کیا جائے گا۔

اے ایس پی عبدالخالق کا کہنا تھا کہ پولیس نے کوئی صلح نہیں کروائی، یہ ہمارا کام نہیں ہے، ہم انکوائری مکمل کرکے حتمی رپورٹ پیش کر دیں گے۔

خیال رہے کہ 25 اور 26 تاریخ کی درمیانی شب مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر فیصل آباد میں حملہ ہوا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔

اس معاملے پر بیان دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے الزام عائد کیا کہ طلال چوہدری کی جانب سے خاتون ایم این اے کو ہراساں کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

دوسری جانب طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معاملے سے کسی خاتون کا کوئی تعلق نہیں ہے، سب ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے، معاملے پر تفصیلی جواب جاری کروں گا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3mSNcep

0 comments:

Popular Posts Khyber Times