بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ویڈیو کے کیپشن میں دھونی نے لکھا ہے کہ 'شکریہ! آپ کے مسلسل پیار اور سپورٹ کا شکریہ۔ 19:29 بجے سے مجھے ریٹائرڈ سمجھا جائے'۔
ویڈیو میں دھونی نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ سے متعلق تصاویر کو یکجا کیا ہے جبکہ پس منظر میں 'میں پل دو پل کا شاعر ہوں' گانا چل رہا ہے۔
خیال رہے کہ مہندر سنگھ دھونی کو بھارتی کرکٹ کا کامیاب ترین کپتان کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں بھارت کو 3 آئی سی سی ٹرافیز دلوائیں جن میں 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2011 کا 50 اوور ورلڈ کپ اور 2013 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں۔
دھونی نے آخری انٹرنیشنل میچ ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا جس میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دھونی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کھیل کر ریٹائر ہونا چاہتے تھے تاہم کورونا کی وجہ سے ایونٹ ملتوی کردیا گیا اور ان کا یہ خواب ادھورا رہ گیا۔
دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے دسمبر 2014 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیل رہے تھے۔
سابق بھارتی کپتان نے 90 ٹیسٹ میچز میں 4876 رنز، 350 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 10773 اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1617 رنز بنائے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3h2xGth
0 comments: