Thursday, May 2, 2019

احتساب سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں احتساب پر نہیں بلکہ نیب گردی پر اعتراض ہے اور ہم نیب گردی سے نہیں ڈرتے۔ ملک میں سب کے لیے ایک جیسا احتساب ہونا چاہیے اور سب کا احتساب ہوگا ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔

کراچی کے علاقے داؤد چورنگی میں یوم مزدور کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے کیوں کہ انہوں نے عوام کے 8 ماہ ضائع کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام اُٹھارہے ہیں، ان کو مزدوروں سے معافی مانگنی پڑے گی کیونکہ وہ عوام کی بیروزگاری کے مجرم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنا قرض موجودہ حکومت نے لیا ملکی تاریخ میں نہیں لیا گیا، وزیرخزانہ ہٹانے کے بعد خزانے کی چابی زرداری کے وزیرخزانہ کو دی، ہمارے وزیر خزانہ کو تو لے لیا لیکن ہماری عوام دوست پالیسز نہیں لے رہے، نقل کے لیے عقل چاہیے ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کی تبدیلی سرکار ہے، امیروں کے لیے ایمنسٹی غریبوں کے لیے مہنگائی، بوجھ ڈالنا ہے تو اپنے امیر ترین دوستوں پر ڈالیں، غریب دشمن پالیسی کی وجہ سے مزدوروں کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی میں خوف پھیلا ہوا ہے، 20کروڑ کی آبادی میں 20 لاکھ ہی ٹیکس دہندگان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب والے تشدد کرتے ہیں، ان کی تحویل میں لوگ فوت ہوجاتے ہیں، لاہور میں پروفیسر کے ساتھ کیا ہوا؟ ہم احتساب کے خلاف نہیں لیکن سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں احتساب پر اعتراض نہیں نیب گردی پر ہے، ہم نیب گردی سے نہیں ڈرتے، وہ 18 ویں ترمیم کی وجہ سے ملنے والے حقوق چھیننا چاہتے ہیں، اسلام آباد کی کٹھ پتلی کو حق نہیں کہ وہ آپ کا فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی احساس محرومی کا حساب ایم کیو ایم کو بھی دینا ہوگا، ان سب کو نیا پاکستان کا حساب دینا پڑے گا، ایم کیو ایم کو بھی اس تبدیلی کا حساب دینا پڑے گا، بانی ایم کیو ایم کے گناہوں کی سزا کراچی کے شہریوں کو نہیں دی جا سکتی۔

پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ کراچی کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، ووٹ چوری ہوا اور یہ لوگ خاموش ہیں، ایم کیو ایم نائن زیرو کا الیکشن نہیں ہاری یہ جعلی الیکشن تھا، کراچی کا بلاول کراچی کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جوصوبہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتاہے اس کی گیس چوری کی جارہی ہے، یہ لوگ ہمیں لسانی بنیادوں پر لڑوانا چاہتے ہیں، ان کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ ہم ایک ہیں، یہ وقت ایک ہونے کا اور مل کر لڑنے کا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جمہوریت اور انسانی حقوق کا تحفظ کریں گے، اس شہر میں کوئی کام کر رہی ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2V7xXnL

0 comments:

Popular Posts Khyber Times