Wednesday, May 1, 2019

بھارت: ’ماؤ باغیوں‘ کے حملے میں 15 پولیس اہلکار ہلاک

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ بھارت کی مغربی ریاست مہاراسٹرا کے ضلع گچیرولی میں پیش آیا۔
بھارتی ریاست مہاراسٹرا میں مبینہ طور پر بائیں بازوں کے باغیوں نے بارودی سرنگ کے دھماکے میں 15 بھارتی پولیس اہلکاروں اور ایک ڈرائیور کو ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ بھارت کی مغربی ریاست مہاراسٹرا کے ضلع گچیرولی میں پیش آیا۔

ادھر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ’مہاراسٹرا میں ماؤ نواز باغیوں سے متاثرہ ضلع گچیرولی میں پولیس گاڑی کو پہلے سے نصب دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے اڑایا گیا‘۔

پولیس افسر شیلیش بلکاوادے کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ماؤ باغیوں نے گچیرولی ضلع کے کرکھیدا میں زیر تعمیر سڑک پر ماؤ باغیوں نے 25 گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سڑک کے ساتھ کھڑی ان گاڑیوں کو مٹی کا تیل اور ڈیزل کے ذریعے آگ لگائی گئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ماؤ باغیوں کی جانب سے کیا گیا آج کا حملہ ایسے وقت میں ہوا جب مہاراسٹرا اپنا یوم تاسیس منا رہا ہے۔

اس دھماکے پر بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور اس حملے کو ’سفاکانہ‘ قرار دیا اور کہا کہ ’اس طرح کے پرتشدد واقعے کے قصورواروں کو نہیں چھوڑا جائے گا‘۔

خیال رہے کہ 9 اپریل کو ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ میں ماؤ باغیوں کے حملے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی اور 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ کچھ ہفتوں قبل گچیرولی میں پولنگ اسٹیشن کے قریب بھی دیسی ساختہ بم دھماکا کیا گیا تاہم اس میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔

ماؤ نواز باغی جو ’نکسل‘ کہلائے جاتے ہیں وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ریاست سے لڑ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ ان لوگوں کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں جنہیں ایشیا کی تیسری بڑی معیشت میں پیچھے چھوڑ دیا گیا۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گزشتہ برس اسی علاقے گریچورولی میں 37 ماؤ نواز باغیوں کو قتل کردیا گیا تھا۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، جو 11 اپریل سے 19 مئی تک جاری رہے گا، ان انتخابات کے 4 مراحل مکمل ہوگئے ہیں جبکہ نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2GOAeu8

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times