ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ساز امجد خان کی فلم ’گل مکئی‘ کی خصوصی نمائش رواں ماہ لندن میں کی جائے گی۔ بھارتی اخبار ’ممبئی مرر‘ کی رپورٹ کے مطابق ’گل مکئی‘ کی خصوصی اسکریننگ میں دنیا بھر کے 450 اعلیٰ سفارتکار شرکت کریں گے۔
’گل مکئی‘ کی اسکریننگ میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ ارکان سمیت اس کی ناقص خوراک کی روک تھام سے متعلق کام کرنے والی ذیلی تنظیم ’ انٹرگورنمنٹل انسٹی ٹیوشن فار دی یوز آف مائیکرو آلگے سپرلینا اگیسنٹ مالنیوٹریشن‘ (آئی آئی ایم ایس اے ایم) کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔
یہی نہیں بلکہ ’گل مکئی‘ کی خصوصی اسکریننگ میں برطانیہ میں تعینات پاکستانی و بھارتی سفیر بھی شرکت کریں گے۔
فلم کی خصوصی اسکریننگ میں جہاں پاک-بھارت سفراء اور عالمی سفیر شریک ہوں گے، وہیں اس میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی اپنے والدین اور قریبی دوستوں سمیت شریک ہوں گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی خصوصی اسکریننگ میں فلم کی کاسٹ سمیت برطانیہ اور امریکا کے چوٹی کے فلم ساز بھی شرکت کریں گے۔
فلم ساز امجد خان نے ’گل مکئی‘ کی لندن میں سفیروں کے لیے خصوصی اسکریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی فلم وہ پہلی فلم ہوگی، جسے لوگو سمیت اعلیٰ سفارتکاروں کو دکھایا جائے گا۔
امجد خان نے فلم کو بھارت میں نمائش کے لیے پیش کرنے کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ انہوں نے اسے ریلیز کرنے کی حتمی تیاری نہیں کی، تاہم ممکنہ طور پر فلم کو رواں برس اپریل کے بعد نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ’گل مکئی‘ میں 16 سالہ ریم سمیر شیخ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے روپ میں نظر آئیں گی۔ ریم شیخ کی یہ پہلی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ متعدد بھارتی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
فلم میں ملالہ یوسف زئی کی والدہ کا کردار اداکارہ دیویا دتا کرتی دکھائی دیں گی۔ فلم میں عطل کلکرنی نوبل انعام یافتہ ملالہ کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
فلم میں ملا فضل اللہ، بیت اللہ محسود اور صوفی محمد کے کرداروں کو بھی دکھایا جائے گا۔ فلم کا ٹیزر ٹریلر ملالہ یوسف زئی کی 21 ویں سالگرہ اور پانچویں ملالہ ڈے پر 12 جولائی 2018 کو ریلیز کیا گیا تھا۔
گل مکئی’ کے جاری کیے گئے ڈیڑھ منٹ دورانیے کے ٹیزر ٹریلر میں ان کی ابتدائی زندگی کے دنوں اور افغانستان و پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں طالبان کی جنگ کو دکھایا گیا۔
ٹریلر کے میں ملالہ یوسف زئی کی آواز سنائی دیتی ہے جو اپنی والدہ سے اپنے نام کا مطلب پوچھتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے نام کے معنی تو غمزدہ کے ہیں۔
ملالہ کا سوال ختم ہوتے ہی ان کی والدہ بولتی ہوئی سنائی دیتی ہیں، وہ اپنی معصوم بیٹی کو اپنے نام کا مطلب سناتے ہوئے ماضی کا قصہ سناتی ہیں۔
ٹریلر میں ملالہ یوسف زئی اور اس کی والدہ کی آوازیں پس پردہ سنائی دیتی ہیں، جب کہ اس دوران عکس بندی کے لیے ملالہ یوسف زئی اور افغانستان میں جنگ کے مناظر کو دکھایا گیا ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2VEIkfz
0 comments: