Tuesday, May 16, 2023

بطور ترجمان پی ٹی آئی سمجھتا ہوں 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل شرم تھے: فواد چوہدری

فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف کےترجمان و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بطور ترجمان پی ٹی آئی سمجھتا ہوں 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل شرم تھے، پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور اسی نکتہ نظرکوسامنے رکھ کرہمیں اپنی پالیسیاں بنانی چاہیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ میرا تعلق جہلم سے ہے اور یہ ضلع شہیدوں اور غازیوں کا مسکن ہے، ہمارے خاندانوں اور لہو کے رشتے سے زیادہ یہ مقدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کور کمانڈر کے گھر اور جی ایچ کیو پر جو واقعہ پیش آیا، ہر وہ شخص جس کا تعلق پاکستان اور اس کی فوج سے ہے ظاہر ہے وہ اس پر رنجیدہ ہیں اور اس کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ بطور ترجمان پی ٹی آئی سمجھتا ہوں یہ واقعات انتہائی قابل شرم تھے، ان واقعات میں جو ملوث ہو تعلق پی ٹی آئی سے ہویا نہ ہو انکوائری کے بعد قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک معاملات کا تعلق ہے اس کی اہم وجہ ہے یہ ہے ہمارا پاکستان سے تعلق ہے جس کا پاکستان سے تعلق ہے اس کا پاک فوج سے تعلق ہے، پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسی نکتہ نظرکوسامنے رکھ کر ہمیں اپنی پالیسیاں بنانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر گرفتار کیا جاتا ہے تو گرفتاری دینے کو تیار ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد فواد چوہدری ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

فواد چوہدری رہائی کےبعد جیسے ہی گھر واپسی کے لیے گاڑی میں بیٹھے تو انہوں نے اپنے سامنے پولیس اہلکاروں کو دیکھا تو وہ گاڑی سے اتر کر بھاگ نکلے تھے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری سے روک دیا اور انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/QzME7wc

0 comments:

Popular Posts Khyber Times