Monday, May 8, 2023

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔ عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔

عمران خان کے قافلے پر کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، سیکیورٹی اسکواڈ سمیت سینئر قیادت بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ روانہ ہوئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق دوپہر ڈھائی بجے سماعت کریں گے۔

عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ بغاوت اور دوسرا اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، ان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع ہوگا، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔

کمرہ عدالت میں داخلہ صرف خصوصی پاسز سے مشروط ہوگا، عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 ممبران اور صحافی کمرہ عدالت میں داخل ہوسکیں گے جبکہ اٹارنی جنرل آفس کے 10 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے موقع پر اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی قسم کا اجتماع غیرقانونی ہوگا، جی ٹین پراجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ آمدورفت کے لیے بند رہے گی۔

ترجمان پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/oYgczKr

0 comments:

Popular Posts Khyber Times