Friday, February 7, 2020

نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس: احسن اقبال کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع

نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس: احسن اقبال کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کردی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کو ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت میں پیش کیا جہاں جج محمد بشیر کی عدالت میں نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت میں جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کب تک چلے گا تو احسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس 17 فروری تک جاری رہے گا۔

احسن اقبال نے عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیب والوں سے پوچھیں کہ سعودی عرب کو باہمی قانونی معاونت کے تحت جو خط لکھا تھا اس کا کیا بنا؟

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ میچل لیگل اسسٹنس (ایم ایل اے) کا معاملہ پراسس میں جاری ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کہا کہ نیب سے پوچھیں کہ ریفرنس کب تک آجائے تو پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ریفرنس 90 روز میں دائر کریں گے۔

احسن اقبال نے پوچھا کہ کتنے ملین ریال ریکور کیے گئے؟ نیب سے میری بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تفصیل معلوم کریں، کیا وہ تمام ٹرانزیکشنز جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے متعلق نہیں؟ ریفرنس دائر کریں جس پر نیب کے وکیل نے کہا کہ ریفرنس دائر کریں گے جس میں تمام تفصیل ہو گی۔

بیرسٹر ظفراللہ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہ 90 روز کی مدت ریمانڈ کے لیے ہے، ریفرنس دائر کرنے کے لیے نہیں۔

احسن اقبال نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب 20 ماہ سے اس معاملے کی تفتیش کر رہا ہے اور ابھی تک ریفرنس بھی دائر نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر ظفراللہ نے کہا کہ جب یہ کیس ختم ہو گا تو ہم چیئرمین نیب سے لے کر اسسٹنٹ ڈائریکٹر تک کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے نیب پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ حکومتی منصوبوں کی بنیاد پر کیسے گرفتاریاں کر سکتے ہیں‘؟

بعدازاں نے احسن اقبال کے عدالتی ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت پر ڈاکٹرز نے اہم فیصلے لیے ہیں، مریم نواز کو معالجین سے مشاورت کے لیے وہاں ہونا چاہیے مگر انہیں جانے نہیں دیا جارہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی صحت میں بہتری آتے ہی وہ وطن واپس آئیں گے، شہباز شریف بھی چاہتے ہیں کہ صحت یاب ہوتے ہی ملک میں واپس آ کر وہ اپوزیشن کا کردار نبھائیں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا فوج کہتی ہے نالائقی کرو معیشت نہ چلاو گورننس نہ کرو، حکومت بڑی چالاکی اور عیاری سے اپنی نا لائقیوں کا بوجھ قومی اداروں پر ڈال رہی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان بڑی کامیابی سے خود کو دوسروں کے پیچھے چھپارہے ہیں، حکومت اپنی ذمہ داری دوسرے اداروں پر ڈال دیتی ہے، یہ کہتے ہیں فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نالائقیوں کا بوجھ قومی اداروں پر ڈال کر چھپننے کی کوشش کرنا ملک کے ساتھ زیادتی ہے، حکومت اداروں کے پیچھے چھپ کر ان کی غیر متنازع حیثیت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ اداروں کو معیشت کے معاملات سے دور رہنا چاہئیے تاکہ ان پر انگلی نہ اٹھے، حکومت اپنی نااہلی کو تسلیم کرے اور حکومتی حلیف اپنی ذمہ داریاں کو محسوس کریں۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/39hNJyO

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times