Friday, May 3, 2019

نادیہ خان کا پہلا کامیڈی ڈرامہ ’ڈولی ڈارلنگ‘

پاکستانی اداکارہ و میزبان نادیہ خان
مارننگ شوز کی میزبانی اور کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہونے کے بعد پاکستانی اداکارہ و میزبان نادیہ خان بہت جلد ایک اور بڑے پروجیکٹ کا حصہ بننے جارہی ہیں جس کی سب سے خاص بات یہ ہوگی کہ یہ سیریز کامیڈی ہے۔

اداکارہ کے مطابق یہ ان کے کیریئر کا سب سے بہترین پروجیکٹ ہوگا۔

’ڈولی ڈارلنگ‘ نامی اس ڈرامے میں نادیہ خان ڈولی کا مرکزی کردار نبھائیں گی جبکہ اعجاز اسلم ان کے شوہر بنیں گے جو پیشے سے اشتہاری فلم کے ہدایت کار ہوں گے۔

نادیہ خان کا اس پروجیکٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ڈولی ڈارلنگ کوئی عام ڈرامہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے مہنگی کامیڈی سیریز ہوگی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’اس سیریز کا بجٹ بہت بڑا ہے، ایسا پہلی بار ہوگا جب کسی پروڈکشن کمپنی نے ایک کامیڈی سیریز پر کسی بڑے ڈرامے جتنا پیسا لگایا ہو‘۔

پہلی مرتبہ اسکرین پر کامیڈی کرنے کے حوالے سے نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت زیادہ ہنستی نہیں ہوں، لیکن اس کامیڈی سیریز کا اسکرپٹ پڑھ کر مجھے رونا آگیا، میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے یہ کردار ادا کرنے کا موقع ملا، میں بہت عرصے سے کسی کامیڈی پروجیکٹ کا حصہ بننا چاہتی تھی اور کیریئر کے اتنے سالوں بعد اب مجھے یہ موقع ملا‘۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے سارے پروجیکٹس میں مجھے سب سے زیادہ خوشی اس پروجیکٹ نے دی اور اس میں میں نے اپنے ٹیلنٹ کو بھی کھل کر استعمال کیا، میں ناظرین سے درخواست کروں گی کہ وہ میرے پرانے کام کو بھول جائیں اور اس پروجیکٹ میں مجھے ایسے دیکھیں جیسے میں کوئی نئی اداکارہ ہوں، وہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کہ میں کیا کرسکتی ہوں‘۔

سنجیدہ ڈراموں میں کام کرنے کے حوالے سے نادیہ خان نے کہا کہ ’میرے جیسے انسان کیلئے سنجیدہ ڈرامے میں کام کرنا کسی تھکاوٹ سے کم نہیں، لیکن کامیڈی ڈرامے میں میں لگاتار 18 گھنٹے بھی کام کرسکتی ہوں‘۔

’ڈولی ڈارلنگ‘ کی کہانی ڈاکٹر یونس بٹ نے تحریر کی، جس کی پروڈکشن عبداللہ قادوانی اور اسد قریشی کررہے ہیں۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2VKwIub

0 comments:

Popular Posts Khyber Times