اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی کمیٹی پر سیاست کی مخالفت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور ان کے میڈیا نے پاکستان اور جدوجہد کشمیر کوبدنام کرنے کی کوشش کی حالانکہ مقبوضہ وادی میں تحریک آزادی خالصتاً حق خودارادیت کی تحریک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگیں خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اس وقت بھی مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر پاکستان کاموقف واضح ہے اور ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں، وزیراعظم واضح کرچکے ہیں کہ کالعدم تنظیموں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کی کمیٹی اجلاس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کا احترام کیا اور پابندی کے حوالے سے کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت، مسعود اظہر کو پابندیوں کی فہرست میں شامل ہونے کو اپنی فتح قرار دے رہا ہے جس کے لیے بھارت نے 5 بار پہلے بھی کوشش کی تھی کیونکہ دی گئی معلومات پابندی کمیٹی کی تکنیکی طریقہ کار کے مطابق نہیں تھیں۔
بھارت کی جانب سے کمیٹی میں جمع کرائی گئیں معلومات کو الزامات قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان معلومات کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا اور بھارتی زیر تسلط کشمیر کے عوام کی قانونی جدوجہد آزادی کے خلاف تھی جس کو پاکستان نے مسترد کر دیا تھا۔
اقوام متحدہ میں مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے ہونے والے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مسعوداظہر کے خلاف پلوامہ اور کشمیر سے متعلق اپنا موقف تبدیل کیا ہے اور اب بھارت نے کشمیر سے متعلق الزام واپس لیا ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ چین کے ساتھ مشاورت کے بعد ہوا ہے اور اس حوالے سے چینی ترجمان وزارت خارجہ نے وضاحت بھی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب مسعوداظہر کے اثاثے منجمد، سفری پابندی، اسلحے کی خرید و فروخت پرپابندی ہوگی، پاکستان ان پابندیوں پر فوری طور پر عمل درآمد کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے آج تک کسی نے پابندیوں کا اطلاق نہ کرنے کی شکایت نہیں کی کیو نکہ پاکستان، اقوام متحدہ کی تمام پابندیوں پر عمل درآمد کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد مقامی اور قانونی ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں موجود ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2ZN5UbM
0 comments: