Tuesday, April 16, 2019

وفاقی کابینہ نے سی ٹی ڈی کو منی لانڈرنگ کے معاملات دیکھنے کا اختیار دیدیا

وفاقی کابینہ کا اجلاس
وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ شریف فیملی کے نئے کیسزکی تفصیلات سامنےآئیں گی توآپ کی نیندیں اڑجائیں گی۔ حمزہ شہبازکے 98 فیصداثاثہ جات ٹی ٹی پر منحصر ہیں۔ آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیلئے اپنا بینک ہی خرید لیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم پر کل دوبارہ بحث کے بعد منظوری دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو منی لانڈرنگ کے معاملات دیکھنے کا اختیار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمد سے ہی دہشت گردی پرقابو پایا جائے گا۔ اسٹیٹ ڈکلیئر کرنے کے معاملے پرمزید بحث کی ضرورت محسوس کی گئی ہے، اس پرمزید کل بحث کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلا س میں منی لانڈرنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچیں گے۔ سلیمان شریف کے پاس سوالات کے کوئی جوابات نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26 ملین ڈالر ٹی ٹی کے ذریعے شہباز شریف کو موصول ہوئے۔ یہ اپنا ہی بینک خریدتے ہیں اورکاروبار چلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو بہتر بنایا جائے گا اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ٹیسٹنگ سروس کمپنیوں کی تنظیم نو کا کام سونپا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سٹیل ملز کی تنظیم نو کی جائے گی اور چھ سو کمپنیوں نے اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے کیلئے پاکستان سٹیل ملز کو سرکاری و نجی شراکت داری پر چلایا جائیگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا اور ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین کو دو ماہ میں اس سلسلے میں سفارشات پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ کو کرتارپور کے مقام پر ثقافتی اور میڈیا مراکز قائم کرنے کیلئے کہا گیا ہے ملک میں جاری احتساب کے بارے میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ عمل جاری رہے گا اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران جیسی اقتصادی صورت حال گزشتہ دو حکومتوں کی بدعنوانی کے باعث پیدا ہوئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان میں مطلوب بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں خصوصاً یورپی ملکوں میں رہنے والوں کو ملک میں واپس لانے کیلئے پاکستان پینل کوڈ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔

انہوں نے کہا یہ اقدام الطاف حسین' اسحاق ڈار' حسین نواز اور حسن نواز جیسے افراد کو ملک میں واپس لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2UFRUld

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times