Wednesday, March 6, 2019

مودی کے اراکین اسمبلی کی گھونسوں اور جوتوں سے ایک دوسرے کی خاطر تواضع

پولیس افسر نے دونوں رہنماؤں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔
بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اجلاس کے دوران دو ارکان اسمبلی آپس میں لڑ پڑے اور ایک دوسرے کی گھونسوں اور جوتوں سے تواضع کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی شرد ٹریپاتھی اور راکیش سنگھ ایک پروجیکٹ کے سنگ بنیاد پر اپنا اپنا نام نقش کروانے کے معاملے پر آپس میں الجھ پڑے اور بات گالم گلوچ سے بڑھتے ہوئے ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

ہاتھا پائی کے دوران دونوں اراکین اسمبلی ایک دوسرے پر مکے اور جوتے برساتے رہے، اچانک پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے کے لیے دیگر اراکین اسمبلی آگے بڑھے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ بالآخر پولیس افسر کو مداخلت کرنا پڑی اور ایک دوسرے سے گتھم گتھا اراکین کو جدا کر کے معاملہ ٹھنڈا کیا گیا۔

واضح رہے کہ جیسے جیسے بھارت میں انتخابات کا وقت قریب آرہا ہے ویسے ویسے مودی اور ان کی جماعت بی جے پی کے اراکین کی بوکھلاہٹ میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پلوامہ حملے کے بعد سے پیدا ہونے والی صورت حال نے انہیں مزید مشکل میں ڈال دیا ہے اور ذہنی دباؤ کے شکار اراکین اسمبلی آپس میں ہی لڑ پڑے ہیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2TyTUKO

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times