Wednesday, March 6, 2019

امریکا: ہیلری کلنٹن کا آئندہ صدارتی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

ہیلری کلنٹن ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالف امیدوار کے طور پر سامنے آئی تھیں
سابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ اور امریکی صدر ٹرمپ کی مخالف صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے 2020 کے امریکی صدراتی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔

ایک مقامی امریکی ٹی وی چینل نیوز 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق خاتونِ اول کا کہنا تھا کہ ’میں انتخاب میں حصہ نہیں لے رہی لیکن میں اپنے نظریات کے لیے آواز بلند کرتی رہوں گی اور اس سلسلے میں کام بھی جاری رکھوں گی۔

یاد رہے کہ 2016 کے امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے ہیلری کلنٹن ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالف امیدوار کے طور پر سامنے آئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس بات کو یقینی بنان چاہتی ہوں کہ میں جو کچھ بولوں وہ لوگ سمجھیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں کہیں نہیں جارہی ہمارے ملک میں کس چیز کو خطرہ ہے، اور جس قسم کی چیزیں اس وقت ہورہی ہیں وہ میرے لیے نہایت پریشان کن ہیں۔

واضح رہے کہ ہیلری کلنٹن نے ڈیموکریٹ پارٹی کے کچھ اراکین کے ہمراہ اجلاس کیا جو صدارتی انتخاب کی دوڑ میں امیدوار ہیں یا اس میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

جس کے بارے میں رپورٹ کرتے ہوئے امریکی ٹی وی سی این این نے بتایا کہ اجلاس میں سابق نائب صدر جو بائیڈن بھی شامل تھے جنہوں نے اب تک انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان نہیں کیا۔

ہیلری کلنٹن کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے ہر شخص کو یہی کہا ہے کہ کسی بھی چیز کو معمولی نہ سمجھا جائے حالانکہ ہمارے پاس حکومت کے توڑے ہوئے وعدوں اور حقیقی مسائل کی ایک طویل فہرست موجود ہے جنہیں منظرِ عام پر لانے کی ضرورت ہے‘۔

اس موقع پر جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں کسی سرکاری عہدے کے لیے کوشش کریں گی تو انہوں نے اس امکان کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میرا نہیں خیال، لیکن میں نیویارک میں ہی رہنا پسند کرتی ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ میں نہایت شکرگزار ہوں کہ مجھے 8 سال تک سینیٹر رہنے اور ریاست بھر کے لوگوں کے ساتھ کام کا موقع ملا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2EPG3HY

0 comments:

Popular Posts Khyber Times