Saturday, February 2, 2019

برطانیہ کی مقبوضہ کشمیر کے مظالم سے متعلق مجوزہ تقریب منسوخ کرنے کی بھارتی درخواست مسترد

برطانیہ کی مقبوضہ کشمیر کے مظالم سے متعلق مجوزہ تقریب منسوخ کرنے کی بھارتی درخواست مسترد
برطانیہ نے مقبوضہ کشمیر کے مظالم سے متعلق مجوزہ ایک اہم تقریب کو منسوخ کرنے کی بھارتی درخواست رد کرتے ہوئے اسے ارکانِ پارلیمنٹ کا اپنا فیصلہ قرار دیا ہے۔

یہ تقریب برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد کی جائے گی جس میں اراکین کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی سے آگاہ کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت برائے خارجہ امور کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارت اس ضمن میں حکومتِ برطانیہ سے بات کررہا ہے، اس معاملے کو پوری شدت کے ساتھ برطانوی حکومت کے سامنے رکھا گیا ہے۔

رویش کمار نے بتایا کہ ’ توقع ہے کہ ایک دوست ملک اور اسٹریٹجی پارٹنر کے طور پر برطانیہ مجوزہ کانفرنس پر ہمارے تحفظات کا خیال رکھے گا‘ تاہم اس کے جواب میں برطانیہ نے یہ درخواست مسترد کردی ہے۔

نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمشنر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ برطانیہ میں اراکین پارلیمنٹ حکومت کے زیر اثر نہیں، کسی سے ملنے اور اس کے مقصد کا فیصلہ انفرادی اراکین آزادانہ طور پر کرتے ہیں‘۔

مجوزہ کانفرنس آل پارٹی پارلیمنٹ گروپ آن پاکستان ( اے پی پی جی پاکستان) کے تحت دارالعوام (ہاؤس آف کامنز) میں منعقد ہوگی۔ اے پی پی جی پاکستان میں کنزرویٹو اور لیبر جماعتوں کے اراکینِ پارلیمنٹ شامل ہیں۔ تقریب کے بعد مقبوضہ کشمیر پر ایک نمائش بھی منعقد ہوگی جس میں مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کو پیش کیا جائے گا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2GiqMR9

0 comments:

Popular Posts Khyber Times