ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چینی سفارت خانے کی جانب سے سی پیک پر پیش رفت پر مبنی رپورٹ کے مطابق 22 منصوبوں میں 18 ارب 90 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ مزید 20 منصوبوں سے متعلق کام جاری ہے۔
رپوٹ کے مطابق توانائی کے شعبے میں مجموعی طور پر 11 ہزار ایک سو 10 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل 15 منصوبے ترجیحاتی بنیادوں پر طے کیے گئے تھے۔
ان میں سے 7 منصوبے مکمل کرلیے گئے جبکہ 6 ہزار 9 سو 10 میگاواٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت کے 6 منصوبے زیر تکمیل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بنیادی ڈھانچے کے 3 منصوبے اس وقت زیرِ تعمیر ہیں جن میں قراقرم ہائی وے فیز 2، کراچی-لاہور موٹر وے (سکھر – ملتان سیکشن) اور لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پروجیکٹ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’سی پیک ، ون بیلٹ ون روڈ کا جامع منصوبہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی لحاظ سے انتہائی اہمیت حامل ہے۔
سی پیک، ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا اہم منصوبہ ہے سلک روڈ اور دنیا بھر میں چینی کمپنیوں کو دنیا بھر کی مارکیٹ سے ملانے میں مدد ملے گی۔
چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کا پہلا یونٹ نیشنل گرڈ سے منسلک
چائنا پاور حب جنریشن کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ (CPHGC) نے اپنے 1320 میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ کے 660 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کو کامیابی کے ساتھ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کردیا۔
اس طرح اس یونٹ نے قومی گرڈ میں پری کمیشننگ آزمائشی بنیادپر بجلی کی فراہمی شروع کرنے کا سنگِ میل حاصل کرلیا ہے۔
پاور پراجیکٹ کے پہلے یونٹ کی کامیابی کے ساتھ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد 1320 میگاواٹ کے پراجیکٹ کا دوسرا یونٹ 2019 کی پہلی ششماہی میں نیشنل گرڈ سے منسلک کردیا جائے گا۔
پراجیکٹ کے پہلے یونٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے سے منصوبے کے کمرشل آپریشن کی بنیاد بھی پڑ گئی ہے، جو کہ اگست 2019 میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا غیر ملکی تھرمل پاور منصوبہ ہے، جو کہ 'بیلٹ اینڈ روڈ' منصوبے کا حصہ ہے، جبکہ 1320 میگاواٹ کا کول پاور پراجیکٹ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قائم کیا جانے والا ترجیحی منصوبہ ہے۔
چائنا پاور حب جنریشن کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ کے پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد 21 مارچ 2017 کو رکھا گیا تھا، جس کو اگست 2019 میں ممکنہ طور پر مکمل طورپر فعال کردیا جائے گا۔
مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد یہ منصوبہ پاکستان میں بجلی کی ضرورت پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سماجی اور اقتصادی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2QfOxdK
0 comments: