Wednesday, November 21, 2018

سعودی اتحاد کے حملے میں متعدد یمنی شہری شہید

جنگ بندی کے دعوے کے باوجود یمن کے شہر الحدیدہ پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں متعدد یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے الحدیدہ کے نواحی دیہات پر شدید بمباری کی جس میں کم سے کم تین عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے جنوبی سعودی عرب میں صوبہ نجران کے علاقے طلعہ میں فوجی اہداف کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے یمنی صوبہ ضالع کے شہر دمت کے علاقے مریس کو سعودی اتحاد کے فوجیوں سے پاک کرنا شروع کر دیا ہے۔

اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد اور اس میں شامل کرائے کے فوجیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ صوبہ تعز کے علاقے الوازعیہ کی بلندیوں کی جانب سعودی پیشقدمی کو بھی یمنی فوج اور عوام رضاکار فورس نے ناکام بناتے ہوئے دشمن کے درجنوں فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

صنعا میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی سعودی عرب کے سرحدی صوبے جیزان کے علاقے جبل الدود میں بھی یمنی فوج کی کارروائی میں درجنوں سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ اس کاروائی میں سعودی فوج کی متعدد گاڑیاں تباہ اور بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی یمن فوج نے بطور مال غنیمت ضبط کر لیا ہے۔

یمن کے محاصرے اور جنگ کے باوجود یمنی فوج کی دفاعی طاقت میں بے پناہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

سعودی اتحادی افواج نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب عرب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ چوالیس ماہ سے جاری سعودی اتحادی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے سولہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2QaexuZ

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times