درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے اینٹی کرپشن کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی 6 مئی تک ضمانت منظور کی تھی لہٰذا گھر پر چھاپہغیرقانونی اوربنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مقدمے کے علاوہ اگر کوئی ایف آئی آر درج ہے تو عدالت کے روبرو پیش کی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ظہور الہٰی روڈ کلیئرکرنے کا حکم دے اور پولیس کو ہٹنے کی ہدایت جاری کرے جبکہ عدالت حفاظتی ضمانت کی میعاد مکمل ہونے تک پرویز الہٰی کی گرفتاری روکنے کا حکم دے۔
حفاظتی ضمانت کا تحریری فیصلہ
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے اینٹی کرپشن گوجرانولہ کے مقدمے میں چوہدری پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس کے میرٹ پر جائے بغیر درخواست گزار کو 6 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے، درخواست گزار 50ہزار روپے ڈپٹی رجسٹرار کو مچلکے جمع کروائے۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں پرویز الہٰی کو 6 مئی تک متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ 6 مئی دن ساڑھے12 بجے تک عدالت کا یہ حکم ختم ہوجائے گا۔
واضح رہے گزشتہ روز سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کا آپریشن ناکام ہو گیا، ان کے گھر کی 3 بار تلاشی لی گئی تاہم اینٹی کرپشن اور اینٹی رائٹس فورس لاہور کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔
رات گئے تیسرے آپریشن کے بعد پرویز الہٰی کے گھر سے اینٹی کرپشن اور پولیس کا آپریشن ختم کر دیا گیا، ایس پی ماڈل ٹاؤن سمیت پولیس نفری پرویز الہٰی کے گھر سے واپس چلی گئی، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر وقاص الحسن کو بھی ناکام واپس جانا پڑا۔
پولیس نے 3 بار چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر کی مکمل تلاشی لی، رات گئے مزید 8 افراد کو حراست میں لیا گیا، جس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے، گرفتار افراد میں ملازمین، کارکنان اور مہمان شامل ہیں۔
پولیس نے آدھی رات کو رہائش گاہ کا مین گیٹ بکتربند گاڑی کی ٹکر سے توڑا، پولیس نے گھر کا اندرونی دروازہ اور شیشے بھی توڑے، پولیس نے مزاحمت پر گرفتار افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پرویز الہیٰ کے وکیل عامر سعید راں کا کہنا ہے کہ عدالت نے کیس میں پرویز الہیٰ کو 6 مئی تک ضمانت دے رکھی ہے، چھاپے کے خلاف آج عدالت جائیں گے، چوہدری پرویزالہٰی کے بیٹے راسخ الہٰی کے گھر میں بھی تلاشی لی گئی تاہم پولیس کو وہاں سے بھی ناکام لوٹنا پڑا، پولیس کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا تھا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/TJolYMm
0 comments: