Saturday, September 3, 2022

وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پرجاری

شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق حکام کی جانب سے وزیراعظم کو اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن کے تمام افسران کو سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی کی بحالی کا کام پر معمور کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹربیوشن کمپنیز کی جانب سے بھی سیلاب سے متاثرہ 81 گرڈ اسٹیشنز میں سے 46 گرڈ اسٹیشنز سے سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم کے حکم پر عوام کی سہولت کیلئے ڈسٹربیوشن کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کے رابطہ نمبرز اخبارات میں بھی شائع کیے گئے ہیں، جب کہ پاور ڈویژن کی ویب سائٹ پر ان نمبرز کو جاری کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر 11 کے وی کے 881 فیڈرز مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے، جس سے 975000 صارفین کو بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی تاہم اب تک ان متاثرہ فیڈرز میں سے 475 فیڈرز بحال کر دیئے گئے ہیں، جس سے 70600 صارفین کو بجلی کی ترسیل بحال ہوگئی ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کیلئے اب تک 35 گرڈ اسٹیشنز سے بجلی فراہمی شروع نہیں کی گئی۔ ان 35 میں سے 25 گرڈ اسٹیشنز بلوچستان ، 5 سندھ اور 5 خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں واقع ہیں۔

دادو سے خضدار ٹرانسمیشن لائن پر کام کل تک مکمل کرلیا جائے گا، جس سے متاثرہ علاقوں میں 300 میگاواٹ بجلی سپلائی بحال ہو جائے گی، جب کہ سبی سے کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن، جس کے 10 ٹاورز سیلابی پانی کی وجہ سے گر گئے تھے، پر بحالی کا کام 10 ستمبر تک مکمل ہو جانے کی امید ہے۔ سبی سے مچھ ٹرانسمیشن لائن پر بھی بحالی کا کام جاری ہے۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی دو سپلائی لائنز، چکدرہ سے بری کوٹ اور سوات سے مٹہ کو 10 ستمبر تک بحال کر دیا جائے گا، جب کہ مدین گرڈ اسٹیشن کو درال خوار جنریشن پلانٹ کے ذریعے سپلائی دے کر سپلائی بحال کی جائے گی۔

صوبہ سندھ کے 5 گرڈ اسٹیشنز اور صوبہ بلوچستان کے 2 گرڈ اسٹیشنز تاحال 4-3 فیٹ سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، جن سے سپلائی سیلابی پانی اترتے ہی بحال کر دی جائے گی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/EIpWueJ

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times