Thursday, December 2, 2021

ٹک ٹاک آسٹریلوی سرجن ڈاکٹر کے کیریئر کو لے ڈوبا

ٹک ٹاک

ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی وجہ سے آسٹریلیا کے سرجن ڈاکٹر کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹک ٹاک کی وجہ سے جہاں ہزاروں لوگوں نے مقبولیت حاصل کی وہیں آسٹریلیا کے ڈاکٹر کو ٹک ٹاک کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جو ان کا کیریئر لے ڈوبا۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ڈینیئل نامی سرجن جو اپنے شہر کے مشہور سرجن مانے جاتے ہیں ان کے ٹک ٹاک پر ایک کروڑ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ وہ ٹک ٹاک پر سرجری کی ویڈیو شیئر کرتے تھے۔

ڈاکٹر کی شیئر کردہ اکثر ویڈیوز میں پلاسٹ سرجری کے بارے میں معلومات ہوتی تھیں اور وہ سرجری کے دوران ہی ویڈیو بناتے نظر آتے تھے تاہم آسٹریلوی ہیلتھ پریکٹیشنر ریگولیشن ایجنسی نے بیشتر شکایات کے بعد انہیں ہر قسم کے سرجیکل پروسیجر سے روک دیا۔

ڈاکٹر ڈینیئل کو سرجری سے روکنے کا فیصلہ بے شمار مریضوں کی شکایات کے بعد کیا گیا کیونکہ مریضوں کی جانب سے شکایات درج کروائی گئی تھیں کہ مذکورہ ڈاکٹر اکثر سرجری کا عمل بیچ میں روک کر ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہیں۔

مریضوں کی جانب سے ایسی شکایات بھی موصول ہوئیں جن میں کہا گیا کہ دوران سرجری وہ تکلیف میں تھے لیکن ڈاکٹر ان پر دھیان دینے کے بجائے ٹک ٹاک بنانے میں مصروف رہے جبکہ کچھ مریضوں کی سرجری کے عمل میں معمولی غلطیاں بھی ہوئیں جس کی وجہ سے انہیں دوبارہ سرجری کی اذیت سے گزرنا پڑا۔

بیشتر مریضوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے ان کی اجازت کے بغیر ان کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور کچھ مریضوں نے نشاندہی کروائی کہ وہ سرجری کے درمیان وقفہ لے کر ڈانس ویڈیو شوٹ کرتے تھے۔

ایجنسی نے تمام شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ڈینیئل پر سرجیکل پروسیجر انجام دینے پر پابندی لگا دی اور انہیں اپنے ٹک ٹاک پروفائل سے سرجری سے متعلق تمام مواد ہٹانے کا حکم بھی دیا گیا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3G5h1RH

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times