Tuesday, August 24, 2021

متحدہ عرب امارات کا کورونا سے نمٹنے کے ساتھ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئے اہم ترین فیصلہ

 تعلیمی ادارے

دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ امارت میں پرائیویٹ اسکول رواں سال مکمل حاضری کے ساتھ تعلیمی سلسلہ شروع کریں گے، ساتھ ہی پرائیویٹ اسکول کے طلبا کو تعلیمی ادارے میں حاضر ہونے کے ساتھ گھر سے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

یہ طریقہ کار رواں سال تین اکتوبر تک جاری رکھا جاسکتا ہے جس کے بعدتمام اسکول طلبا مکمل حاضری کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔

اس بات کا فیصلہ شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں سپریم کمیٹی کے اجلاس میں دبئی میں معمول کے کاروبار زندگی کی بحالی اور کووڈنائنٹین ویکسینیشن کی بلند شرح کے بعد کیاگیا ہے، کمیٹی نے والدین اور اسکول آپریٹرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تدریسی عملے میں ویکسینیشن کی چھیانوے فیصد اور بارہ سے سترہ سال کی عمر کے بچوں میں ستر فیصد ویکسینیشن کی شرح کو بھی سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیخ منصور بن محمد نے کہا کہ سپریم کمیٹی کا فیصلہ اعلی احتیاطی معیارات پر سمجھوتہ کیے بغیر وباسے بحالی میں تیزی لانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے اسکولوں کو اپنے احاطے میں احتیاطی تدابیر پر سخت عملدرآمد کے ساتھ مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کمیٹی نے کہا کہ حفاظتی پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے سے پرائیویٹ اسکولوں میں طلبا کی حاضری کے ساتھ تعلیم وتربیت کے سلسلہ کی کامیابی یقینی ہوگی۔

سپریم کمیٹی نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دبئی کے تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ احتیاطی تدابیر اور ہیلتھ پروٹوکول کی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3Din4SG

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times