
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان حکومت الزام تراشی سے باز رہے اور پاکستان سے تعمیری مذاکرات کرے۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارت نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کو ہوا دینے کی کوشش کی۔
دفترخارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے میں پاکستان آنے والے افغان وفد کے ساتھ واقعے کی تمام تفصیلات شیئر کی ہیں، ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا تاثر درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان کی خواہش کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے افغان حکومت سے افغان سفیر کی بیٹی تک رسائی کی درخواست کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارت نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کو ہوا دینے کی کوشش کی، ہمیں ادراک ہے کہ افغان وفد واپس جاکر وہی راگ الاپیں گے جس کا ذہن بنا کر آئے تھے۔
شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل میں افغان نمائندے کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیے اور کہا کہ افغان حکومت الزام تراشی سے باز رہے اور پاکستان سے تعمیری مذاکرات کرے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ افغانستان میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں، دوسروں کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا اور قربانی کا بکرا بنانا قابل افسوس ہے جبکہ پاکستان کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں نہ بلانا ناانصافی ہے، بھارت نے بطور صدر کونسل ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی۔
ان کا کہنا تھاکہ داسو واقعے کی تحقیقات تقریباً مکمل کرلیں اور نتیجہ اخذ کرلیا، چینی حکام سے مشاورت کے بعد میڈیا کو نتائج سے آگاہ کریں گے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3Ap31Q4
0 comments: