Saturday, January 2, 2021

غیر ملکی فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ، ن لیگ کا مطالبہ

احسن اقبال

سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے، ن لیگ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مظاہرہ بھی کرے گی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے، کیس جلد نمٹانے کے لیے ہم نے چیف الیکشن کمشنر سے بھی ملاقات کی، عمران خان نے اپنے درجنوں بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دے کر کروڑوں روپے حاصل کیے گئے، ان کے پیسے پارٹی کے اکاؤنٹ میں ظاہر نہیں کیے گئے، ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فیصلہ ہوا تو عمران خان کی سیاست ختم ہو جائے گی، جتنی کرپشن اس حکومت نے کی ہے اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے قیام تک دیرپا معاشی ترقی نہیں ہو سکتی، پی ڈی ایم کے اجلاس نے حکومتی ترجمانوں کے دعوؤں پر پانی پھیر دیا، پی ڈی ایم آئین کی حکمرانی اور اداروں کو مضبوط دیکھنا اور ملک میں غیر جمہوری قوت کا داخلہ بند کرنا چاہتی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اپنی کامیابی کا اتنا یقین ہے جتنا سورج کے مشرق سے نکلنے کا، تمام حکومتی مشینری نے زور لگایا ہوا تھا لیکن پی ڈی ایم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئی ہے، 2021 الیکشن کا سال ہوگا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2X0mNzP

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times