Saturday, October 10, 2020

بغاوت کے مقدمے سے نواز شریف کے علاوہ دیگر تمام رہنماؤں کے نام نکال دیے

نواز شریف

پولیس نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کے مقدمے میں نواز شریف کے علاوہ دیگر تمام لیگی رہنماؤں کے نام نکال دیے۔

پولیس نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، لیفٹننٹ جنرل عبدالقیوم، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمذی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مدعی بدر رشید کے بیان کے بعد خصوصی تفتیشی ٹیم نے ایف آئی آر سے چار دفعات نکال دیں تاہم بغاوت پر اُکسانے کی دفعہ برقرار رکھی ہے۔

ترجمان انوسٹی گیشن لاہور کے مطابق مقدمے کی تفتیش قانون، شواہد اور انصاف کے تقاضوں پر کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمہ غلط ہوا، یہ اچھا نہیں ہوا، حکومت کے کسی بھی فرد نے نواز شریف پر مقدمے کی تعریف نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ شاہدرہ تھانے درج کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے جب کہ حکومت نے اس مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نواز شریف نے اشتعال انگیز تقاریر کیں، ملک کے مقتدر اداروں کو بدنام کیا اور بھارت کی پالیسیوں کی تائید کی تاکہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہی رہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3jR7kvz

0 comments:

Popular Posts Khyber Times