حزب اختلاف کی بڑی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف جلسوں، ریلیوں اور مظاہروں کا پلان تیار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف اکتوبر اور نومبر میں دو دو جلسے کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ پہلا جلسہ گیارہ جبکہ دوسرا جلسہ اکتوبر کے آخر میں کرنے کا مشورہ زیرغور ہے۔
اطلاعات ہیں کہ اکتوبر کے بعد دو جلسے نومبر میں کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جب کہ دسمبر سے حکومت کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
پی ڈی ایم نے تمام تجاویز خصوصی کمیٹی کے سپرد کردی ہیں۔ خصوصی کمیٹی جلسوں کی تاریخ اور مقام سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ 11 اکتوبرکو پی ڈی ایم کا کوئٹہ میں پہلا جلسہ ہوگا۔ راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ذریعےجلسوں کی سیریز ہوگی۔
گزشتہ ہفتے ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اکتوبر اور نومبر میں صوبائی دارالحکومتوں سمیت بڑے شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔ دسمبر میں ملک گیر ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔
متحدہ حزب اختلاف نے پارلیمان کے اندر اور باہر تمام سیاسی اور آئینی آپشنز استعمال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ان میں عدم اعتماد کی تحاریک اور اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں کا آپشن بھی شامل ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3ifRZmS
0 comments: