
اٹامک انرجی ایجنسی میں امارات کے نمائندے حماد الباقی نے عیدالاضحیٰ کے روز یہ خوش خبری سنائی کہ متحدہ عرب امارات نے جوہری پلانٹ کو فعال کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حماد الباقی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’برکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ پر متحدہ عرب امارات کے پہلے جوہری ری ایکٹر نے کامیابی کے ساتھ کام شروع کردیا‘۔
اس ٹویٹ کے ساتھ انہوں نے تکنیکی ماہرین کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے فتح کی علامت کے طور پر اپنے ہاتھ فضا میں بلند کیے ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ قوم کے لیے تاریخی موقع ہے، ہم قوم کو نئی توانائی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں‘۔
اس ضمن میں متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے ولی عہد شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے جوہری پاور پلانٹ کے فعال ہونے کا اعلان کیا اور بتایا کہ ’پلانٹ کے چار یونٹوں میں سے پہلے یونٹ میں کامیابی کے ساتھ جوہری ایندھن بھر دیا گیا ہے‘۔
انہوں نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات نے محفوظ، صاف اور قابلِ اعتماد بجلی کے حصول کے لیے جوہری پلانٹ نصب کردیا جس کے بعد ہم دنیا کے 33واں ملک بن گئے جس کے پاس یہ ٹیکنالوجی ہے جبکہ یہ عرب دنیا میں جوہری توانائی کا پہلا ری ایکٹر ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برکہ جوہری پاور پلانٹ ابوظبی کے علاقے اظفرہ میں واقع ہے، اس پلانٹ کے قیام کا مقصد بجلی کی پیداوار ہے، یہ پلانٹ آئندہ 60 برس تک امارات میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3i0jKzV
0 comments: