
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی قیادت نے تمام اضلاع میں بلدیاتی امیدواران کے چناؤ کے لیے فہرست مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ قیادت کی جانب سے اشارہ ملنے کے بعد تحریک انصاف پنجاب کی مرکزی قیادت نے بلدیاتی انتخابات کے لیے موضوع امیدواروں کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر تحریک انصاف لاہور اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں جلد متحرک ہوگی اور ایک ماہ میں امیدواران کے ناموں کا انتخاب کرے گی۔
علاوہ ازیں ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف لاہور کی قیادت کو بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے متحرک ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے، پی ٹی آئی پنجاب کے 36 اضلاع کی تمام نشستوں پر انتخابات کی تیاری ایک ماہ میں مکمل کر کے اعلیٰ قیادت کو رپورٹ ارسال کرے گی جبکہ مقامی رہنما عوامی سطح پر بھی رابطے شروع کریں گے۔
یاد رہے کہ 13 جون کو وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں رواں سال کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ صوبے میں بلدیاتی نظام کو جلد از جلد متحرک کیا جائے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2CRpnRX
0 comments: