Thursday, April 30, 2020

حکومت مزدوروں کے حقوق اور فلاح وبہبود کا مؤثر انداز میں تحفظ کرے گی: صدر، وزیراعظم پاکستان

صدرڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان
صدرڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نےمحنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کا موثر انداز میں تحفظ کیا جائے گا۔

صدرِ پاکستان نے اپنے پیغام میں محنت کشوں کی اپنے بنیادی حقوق کیلئے جراتمندانہ اور قابل تعریف جدوجہد پر انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں انکے کردار کے اعتراف کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

صدر نے مزید کہا کہ ملک میں غریبوں اور مستحق افراد کی امداد کیلئے احساس ایمرجنسی کیش ریلیف پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت کشوں کے حالات کار اور معیار زندگی میں بہتری لائے جائے گی اور رہائش تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ذریعے انکی اور ان کے خاندانوں کی بہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے مذہب نے بھی سماجی انصاف اور لوگوں کے حقوق کے احترام پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ چونکہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں محنت کشوں کے کردار کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اس لئے ان کی حکومت یہ بات یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے کہ محنت کشوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات تک اقتصادی ترقی کے ثمرات پہنچائے جائیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3aNSBw8

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times