
ترک میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے ملک بھر میں فیس ماسک کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے اور ماسک کی خرید و فروخت کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔
ترک صدر نے اعلان کیا ہے کہ سپرمارکیٹوں میں فیس ماسک مفت فراہم کیے جائیں گے اور شہری پوسٹ اینڈ ٹیلی گراف آرگنائزیشن کے ذریعے گھروں پر بلامعاوضہ ماسک منگوا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بڑی تعداد میں مفت فیس ماسک تقسیم کر چکی ہے اور جب تک وبا پر مکمل قابو نہیں پا لیا جاتا، شہریوں کو مفت ماسک کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر تیاری کا عمل جاری رہے گا۔
صدر نے کہا ہے کہ ہمارے پاس وافر مقدار میں فیس ماسک موجود ہیں جو ملک کی پوری آبادی کے لیے کافی ہیں۔
ترک صدر نے کہا کہ استنبول میں کورونا مریضوں کے لیے دو نئے اسپتال بنائے جارہے ہیں، دونوں اسپتال مجموعی طور پر 2 ہزار بستروں پر مشتمل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اسپتال یورپی سائیڈ پر اتاترک ایئرپورٹ میں اور دوسرا ایشیائی حصے کی جانب بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، مہلک وباء سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 752 ہوگئی ہے۔
حکام نے ایک دن میں تقریباً 4 ہزار کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3c272he
0 comments: