Sunday, February 23, 2020

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

مسلم لیگ ن کے رہنماوں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس لبنی سلیم پرویز درخواستوں پر سماعت کریں گے جس میں وزارت قانون اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کیس جبکہ احسن اقبال نے ناروال سپورٹس سٹی کیس درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیب نے ایل این جی کیس میں جولائی 2019 کو گرفتار کیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

نیب کراچی نے 19 دسمبر 2016 کوعلاقائی بورڈ کے اجلاس میں یہ کیس میرٹ پر بند کردیا تھا تاہم اس بار نیب راولپنڈی نے دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

بعدازاں 3 دسمبر 2019 کو نیب نے احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس دائر کیا تھا، جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سابق چیئرمین سعید احمد خان سمیت 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ قومی احتساب بیورو کا مؤقف ہے کہ اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے خلاف قانون تین ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا۔

دوسری جانب ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے دونوں ن لیگی رہنماؤں کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے رکھی ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنا ہے کہ وہ اسلام آباد میں موجود نہیں ہوں گے لہذا آج سماعت تبدیل کر کے کوئی اور دن مقرر کیا جائے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2vYatWw

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times