Sunday, January 26, 2020

وزیر اعظم کی ناراض گروپ سے ملاقات، کن چھوٹے موٹے شکووں کا اظہار کردیا؟ سیاسی میدان سے اہم خبر

تحریک انصاف کے ناراض گروپ سے وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی ہے
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ناراض گروپ نے اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کردی۔

وزیراعظم سے ملاقات اور پارٹی اجلاس کے دوران ناراض رکن اسمبلی غضنفر عباس چھینہ نے کہا کہ ہم نا تو ناراض تھے نہ ہی فارورڈ بلاک بنایا، ہمارے چھوٹے موٹے شکوے تھے ان کا اظہار کردیا، ہم پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، پارٹی کے اندر گلہ شکوہ تو ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے عثمان بزدارکی تبدیلی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کومسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد ہے، مجھے پتہ ہے سازش کون کررہا ہے اور اس کے پیچھے کون ہے، عثمان بزدارکو کسی صورت نہیں ہٹاؤں گا، عثمان بزدارہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے۔

عثمان بزدارکی تبدیلی سے پنجاب میں پارٹی ختم ہوجائے گی۔ عثمان بزدارکو ہٹایا تو نئے وزیراعلیٰ کو بھی ایسے ہی ہٹادیا جائے گا، وہ 20 روز بھی نہیں چل سکے گا۔

اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کو وزیر اعظم عمران خان خود سنبھالیں، جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ بیوروکریسی اپنا کام کررہی ہے اور وزیراعلی اپنا کام کررہے ہیں، پنجاب میں بہترین انتظامی ٹیم لے کر آئے ہیں۔

اسی دوران ملک فاروق اعظم نے کہا کہ عثمان بزدار سے اچھا وزیراعلی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا۔ رکن اسمبلی طالب نکئی نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ نے 4 مرتبہ ان کے حلقے کا دورہ کیا۔

اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے شکایت کی کہ بیورو کریسی اور پولیس ان کی بات سننے کو بھی تیار نہیں۔ جس پر وزیراعظم نے آئی جی پولیس کو اراکین اسمبلی سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے مسئلے پر پولیس عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر پالیسی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں عوام نے ہماری صحت، مقامی حکومتوں کے نظام اور خصوصی طور پر پولیس کے نظام کے حوالے سے کامیاب پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس نظام کی کامیابی کی بنیادی وجہ سیاسی عدم مداخلت تھی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2RuzCAs

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times