Friday, September 13, 2019

گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم

گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم
سعودی عرب کی عدالت نے کمپنی کی گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے علاقہ الباحہ میں مقامی تعمیراتی کمپنی کے ملازمین نے دو سال سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف مقامی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

ملازمین نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی کی جانب سے گزشتہ دو سال کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جبکہ مستقل طور پر وطن لوٹ جانے والے ملازمین کو بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

متاثرہ ملازمین نے مؤقف اختیار کیا کہ تعمیراتی کمپنی متعدد تعمیراتی منصوبے مکمل کر چکی ہے لیکن ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہی۔

عدالت نے فوری طور پر کمپنی کی گاڑیاں سیز کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا فیصلہ دیا۔

واضح رہے کہ متاثرہ ملازمین کی تعداد تقریباً 55 ہے جن کا تعلق پاکستان سمیت دیگر ممالک سے ہے۔

سعودی عرب کی وزارت محنت کے قانون کے مطابق کمپنیاں اور ادارے اس بات کی پابند ہیں کہ وہ اپنے ملازمین کو تنخواہیں وقت پر ادا کریں اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/30icCFM

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times