تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں ضم کیے گئے قبائلی اضلاع کے پہلے تاریخ ساز الیکشن کے لیے صبح آٹھ بجے پولنگ کا آغاز ہوگیا، میرانشاہ میں پہلا ووٹ کاسٹ کیا گیا، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
اٹھائیس لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، دو خواتین سمیت دوسو پچاسی امیدوار میدان سیاست میں مدمقابل ہیں۔
پاک فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی، قبائلی اضلاع میں 1 ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جس میں 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے پولنگ اسٹیشن اس فہرست میں شامل ہیں۔
مقامی انتظامیہ اور عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ الیکشن قبائلی علاقوں کو مرکزی دھارے میں لانے اور ترقی کا سفر شروع کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات سے متعلق اے آر وائی نیوز خصوصی ٹرانسمیشن پیش کرے گا، ناظرین کو لمحہ بہ لمحہ بہ خبر رکھتے ہوئے تجزیے اور تبصرے پیش کیے جائیں گے۔
سینیر تجزیہ کاروں نے اس واقعے کو امید افزا قرار دیا ہے. رحیم اللہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ الیکشن سے فاٹا کے حالات بہتر ہوں گے۔ دفاعی تجزیہ کار، امجد شعیب کے مطابق چار سال پہلے جو حالات تھے، تب کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ فاٹا میں الیکشن ہوں گے۔
مشیر وزیراعلیٰ کے پی، اجمل وزیر نے کہا ہے یہ پاک فوج کی قربانیوں کا ثمر ہے، وزیرستان میں کسی عام علاقے سے بھی زیادہ گہما گہمی ہے۔
خیال رہے کہ فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام گزشتہ برس عمل میں آیا، وزیر اعظم عمران خان نے جلد سے جلد فاٹا میں صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2XTTFNp
0 comments: