Monday, June 10, 2019

صوبائی بجٹ: وزیراعظم کی ہر شعبے میں کفایت شعاری کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال کے پیش نظر صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بجٹ کی تیاری میں ہر شعبے میں کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے شرکت کی جبکہ چیئرمین ایف بی آر، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، مشیر تجارت، وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت، چیف سیکریٹری، سیکرٹری خزانہ پنجاب بھی شریک تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو صوبائی بجٹ کے حجم اور ممکنہ اہداف پر بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں کہا گیا صوبائی بجٹ پی ٹی آئی منشورکے تحت بنایا جا رہا ہے، بجٹ میں انسانی، سماجی ترقی کے لئے رقم مختص کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا بجٹ تیاری میں زراعت، صنعتی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بجٹ کی تیاری میں ہر شعبے میں کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں اعلیٰ سطح پر مثالی اقدامات کئے جائیں۔

یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں دونوں نے آئندہ مالی سال کے لیے پیش کیے جانے والے متوقع بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2WQmSHV

0 comments:

Popular Posts Khyber Times