
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر کی دعوت دی گئی ہے جس میں مریم نواز سمیت دیگر شریک ہوں گے۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں افطار ڈنر کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو وفود سمیت شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق افطار ڈنر سے قبل اپوزیشن قائدین کا مشترکہ مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، معاشی بحران سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
محمود اچکزئی افطار ڈنر میں شریک نہیں ہوں گے
پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں شریک ہونا تھا تاہم ان کی کوئٹہ سے اسلام آباد کی پرواز چھوٹ گئی جس کے بعد اب وہ اپوزیشن جماعتوں کے افطار ڈنر میں شرکت نہیں کریں گے۔
محمود خان اچکزئی نے سینیٹر عثمان کاکڑ کو اپنی جگہ افطار میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت کئی سال بعد زرداری ہاؤس میں کسی اجلاس میں شرکت کرے گی اور (ن) لیگ کا وفد سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت بلاول بھٹو زرداری کی افطار میں جائے گا۔
لیگی وفد میں سردار ایاز صادق، مریم نواز، حمزہ شہباز اور پرویز رشید شامل ہوں گے۔
مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک طرف حق اور سچ اور دوسری طرف جھوٹ ہے، یہ لوگ کس منہ سے عوام کی بات کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ لوگ ہی قوم کو مقروض کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ان لوگوں کی چالوں کو سجھتے ہیں، پاکستانی عوام عمران خان اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ن لیگ شریفوں کی ذاتی جائیداد تک محدود ہو گئی ہے۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ شریف خاندان میں میرٹ کا تصور تک موجود نہیں ہے، حمزہ شہباز کی 20 سالہ سیاسی جدوجہد ضائع ہو گئی، مریم نواز نے حمزہ کو سائیڈ لائن کر دیا ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2YxC8Gw
0 comments: