Thursday, May 2, 2019

موجودہ حکومت نے پانی، توانائی اور مواصلات کے گیارہ منصوبوں کی منظوری دی

قومی اسمبلی
قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ سال اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک پانی، توانائی اور مواصلات کے گیارہ منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

منصوبہ بندی اور ترقی کی پارلیمانی سیکرٹری کنول شوزب نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ حکومت پسماندہ اضلاع کی یکساں ترقی کی پالیسی تیار کررہی ہے تاکہ انہیں ملک کے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لایا جاسکے۔

انہوں نےکہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت رشہ کئی میں ایک خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جارہا ہے۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے وعدے کے مطابق وزیراعظم ہاوس میں بین الاقوامی سطح کی تحقیقی یونیورسٹی تعمیر کی جائے گی۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری نہیں کی جارہی بلکہ اسے بحال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ابتدائی طورپر ہم دو Rlng پلانٹس، دو بینکوں، جناح کنونشن سنٹر، لاکھڑا کول ڈویلپمٹ کمپنی اور ماڑ ی پٹرولیم لمیٹڈ کے باقی شیئرز کی نجکاری کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز، پی آئی اے، ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی اور پاکستان پوسٹ قومی اثاثہ ہیں۔

خزانے کے پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین حسین قریشی نے ایوان کو بتایا کہ ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافے کےلئے یکم جولائی سے مقامی سطح پر ریسورس موبیلائزیشن پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔

حزب اختلاف کے ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ عسکریت پسند عناصر کی سرحد پار سے در اندازی روکنے کےلئے پاکستان نے ایران کے ساتھ مثبت بات چیت کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے ایک مشترکہ سرحدی مرکز قائم کرنے اور اسی طرح سرحدپار سے عسکریت پسندوں کی در اندازی روکنے کےلئے باڑ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایران میں وزیراعظم عمران خان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ حساسیت کو مدنظررکھتے ہوئے اس پر حزب اختلاف کی سیاسی جماعتیں سیاست سے گریز کریں۔

پنجاب کی مقامی حکومتوں کے قانون کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بنیادی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے کےلئے مقامی حکومتوں کو مزید اختیارات اور مالی خود مختاری دی جائے۔

نیب میں اصلاحات کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ احتساب کے عمل کو شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کے ساتھ بیٹھ کر نیب میں اصلاحات لانے کےلئے تیار ہے۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے آج ایوان میں سات بل پیش کئے۔

ان میں مسلم خاندانی قوانین ترمیمی بل 2019 سیکشن چار، مسلم خاندانی قوانین ترمیمی بل 2019 سیکشن سات، انتظامیہ کے خطوط اور جانشینی کے سرٹیفکیٹس کا بل 2019، خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق بل 2019، وژل بلوئر پروٹیکشن اینڈ ویجلینس کمیشن بل 2019 دیوانی مقدمات کا ترمیمی بل بحریہ 2019 اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل 2019 شامل ہیں۔

سپیکر نے یہ بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دئیے۔

ایوان کا اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیاگیا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2ZQ179H

0 comments:

Popular Posts Khyber Times