
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کا غربت کے خاتمے کا ترجیحی پروگرام چار شعبوں اور 115 پالیسی اقدامات پرتوجہ مرکوز کرے گا اور اس سے عدم مساوات میں کمی ' لوگوں میں سرمایہ کاری اور پسماندہ اضلاع کی ترقی ہوگی۔
وزیراعظم کی طرف سے جاری کی گئی پالیسی دستاویز میں کہاگیا ہے کہ ان چار ستونوں میں بااثر افراد کے اثرورسوخ کاخاتمہ حکومتی نظام کو مساوات کے قیام کیلئے تیار کرنا ' آباد ی کے کمزور طبقات کیلئے تحفظ کے اقدامات' نوکریاں اور روزگار اور انسانی سرمائے کی ترقی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ احساس پروگرام فلاحی ریاست کے قیام کے بارے میں ہے۔
انہوں نے کہا اس مقصد کیلئے تمام ذرائع اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ تحفظ کے درست اقدامات کیے جائیں اور اقتصادی طورپر خواتین کو بااختیار بنانے کے علاوہ مالیاتی شمولیت کوفروغ دیاجائے۔ عمران خان نے کہاکہ پروگرام کے اصول اور لائحہ عمل کثیرشعبہ جاتی شراکت داری ' مشترکہ وفاقی اور صوبائی قیادت یقینی بنانے اور نجی شعبے کے کردارکو مرکزی دھارے میں لانے پرمنحصر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک طرف مساوی مواقع کی فراہمی اور دوسری طرف مقامی طورپر متعلقہ جدت کی حوصلہ افزائی کرکے ایک لائحہ عمل اپنایاگیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ پروگرام انتہائی غریب، بے روزگار، غریب کسانوں، مزدوروں بیمار اور غذائیت کی کمی کے شکار افراد کے ساتھ ساتھ کم آمدنی کے پس منظر کے حامل طلباء، غریب خواتین اور عمر رسیدہ شہریوں کیلئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ ان علاقوں کو بھی ترقی دینے کیلئے ہے جہاں غربت بہت زیادہ ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پروگرام احساس کی غربت کے خاتمے کی حکمت عملی چار ستونوں اور 115 پالیسی اقدامات پرمحیط ہے اوراس کو پروگرام پرمشاورت کے عمل کے نتیجے میں مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2uUATo4
0 comments: