Friday, December 21, 2018

ہندو انتہا پسند بے قابو، لیجنڈری اداکار کو پاکستان جانے کا مشورہ

بھارتی ہندو انتہا پسندوں نے انسانیت کا دفاع کرنے پر لیجنڈری اداکار کو ملک دشمن قرار دیتے ہوئے فوری طور پر پاکستان جانے کا مشورہ دے دیا
بھارتی ہندو انتہا پسندوں نے انسانیت کا دفاع کرنے پر لیجنڈری اداکار کو ملک دشمن قرار دیتے ہوئے فوری طور پر پاکستان جانے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل 68 سالہ معروف بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آنے والے واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تو ہندو انتہا پسند تنظیم نے انہیں پاکستان جانے کا مشورہ دے دیا۔

اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتی ریاست اترپریش کے علاقے میں گائے کے تنازع پر ہونے والے ہنگامے اور پولیس اہلکار سمیت 12 افراد کی ہلاکت پر کہا تھا کہ ’مجھے بھارت کے مستقبل کی فکر ہے، اگر ایک جانور کی وجہ سے انسانوں کی جانیں محفوظ نہیں تو پھر ایسے ملک کو غیر محفوظ قرار دیا جاسکتا ہے۔

نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ ’ایک گائے اور مذبحہ خانے کی وجہ سے شدت پسندوں نے پولیس آفیسر کو قتل کردیا، ایسی صورتحال بھارت کے کسی بھی شہری کے ساتھ کبھی بھی پیش آسکتی ہے‘۔

لیجنڈری اداکار کے اظہار خیال پر تنگ نظر اور متعصب ہندو انتہا پسندوں کی تنظیم نریمان سینا نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور نصیرالدین شاہ کو ملک چھوڑنے کے ساتھ پاکستان جانے کا حکم دیا۔

نریمان سینا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نصیر الدین شاہ اگر اپنے ساتھ کسی اور کو بھی پاکستان لے جانا چاہتے ہیں تو ہم اُس کے بھی ٹکٹ کا انتظام کردیں گے۔

ہندو انتہا پسندوں نے نصیر الدین شاہ کو ملک کا غدار بھی قرار دیا۔

دوسری جانب لیجنڈری اداکار نے اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ابھی بھی اپنے مؤقف پر قائم ہوں، مجھے اپنے ملک کے مستقبل کی فکر ہے اور اس حوالے سے سوچنے پر کوئی بھی مجھے غدار قرار نہیں دے سکتا‘۔

بالی ووڈ اداکار نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر اسی طرح چیزیں چلتی رہیں تو بھارت دنیا کا غیر محفوظ ترین ملک ہوجائے گا‘۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2EIogDD

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times