
جرمنی کے مغربی شہر ڈورٹمنڈ کی عدالت نے جرمن اور روسی شہریت کے حامل شخص سیرگئی وی کو جرمن فٹ بال کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ کی بس پر حملہ کرنے کے جرم میں چودہ سال قید کا فیصلہ سنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عدالت نے ملزم سیرگئی کو اٹھائیس افراد پر قاتلانہ حملہ کرنے کے جرم میں یہ سزا سنائی ہے۔ جرمنی میں ذاتی کوائف مخفی رکھنے کے قانون کے تحت ملزم کا مکمل نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ انتیس سالہ سیرگئی وی نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے حملہ کرنے کے لیے تین بم تیار کیے تھے تاہم وہ کسی کو بھی ہلاک نہیں کرنا چاہتا تھا۔ سیرگئی وی نے یہ حملہ ڈورٹمنڈ فٹ بال کلب کے حصص کو پہلے سے طے شدہ کم قیمت پر فروخت کرنے کی کوشش میں کیا تھا اور اگر ایسا ہو جاتا تو کلب کو بڑا مالی نقصان ہوتا۔ البتہ سیرگئی کو خاصا مالی فائدہ ہونا تھا۔
گیارہ اپریل 2017ء کو ڈورٹمنڈ فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کو لے کر جانے والی بس کو کم از کم تین معمولی نوعیت کے دھماکوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان دھماکوں میں ایک کھلاڑی سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔ واضح رہے کہ اس حملے کی ذمہ داری پہلے شام اور عراق میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کرنے کا دعوی کیا تھا لیکن بعد میں تفتیش کرنے والے اداروں نے اس دعوے کو غلط قرار دیا تھا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2Rix3im
0 comments: