فائنل رائونڈ میں حکمران اتحاد اور تحریک انصاف کے وفود آج قیادت کے مشورے کے بعد اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے اور دونوں فریق مذاکرات کے ذریعے کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے۔
مذاکرات شروع ہونے سے قبل حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیموں کے اعزاز میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے دونوں فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی تجاویز دیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سیاسی تناؤ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، سیاسی تناؤ ختم کرنے سے معاشی جمود ختم ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلاف بلائے طاق رکھ کر قومی مفاد میں متحد ہونا چاہیے۔
تحریک انصاف کے مذاکراتی وفد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے سیاسی تناؤ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تجویز کو دوہرایا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج کے مذاکرات میں آپ سب کو پتہ چل جائے گا کہ ہماری کیا شرائط ہیں، ہم پہلے سے میڈیا کو کیا بتائیں کہ ہم حکومتی ٹیم سے کیا بات کرنے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز مذاکرات کے فائنل رائونڈ کا وقت تبدیل کر دیا گیا تھا ، اور کہا گیا تھا کہ مذاکرات صبح 11 بجے کی بجائے رات 9 بجے ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی مصروفیات کے باعث کل ہونے والے مذاکرات کا وقت تبدیل کردیا گیاہے، فریقین کی باہمی رضامندی کے بعد مذاکرات کل صبح 11 بجے کے بجائے رات 9 بجے سینیٹ سیکرٹریٹ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی 7 رکنی کمیٹی میں جمعیت علما اسلام کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں کسی بھی جگہ حصہ نہیں بنیں گے۔
خیال رہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹیوں کے درمیان ملک بھر میں ایک ہی روزالیکشن کرانے سے متعلق اتفاق رائے کیلئے 2 ادوارہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں جاری سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطاء بندیال نے کہا تھا کہ اگر سیاستدان مل بیٹھ کر کوئی حل نکال لیتے ہیں تو بہترین بصورت دیگر سپریم کورٹ پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے اپنے 14 مئی کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/IaReTEU
0 comments: