Tuesday, October 13, 2020

کورونا سے وزیراعلیٰ بلوچستان اور پی پی کے دو سینیٹرز وینٹی لیٹر پر منتقل

وزیراعلیٰ بلوچستان اور پی پی کے دو سینیٹرز

کرونا وائرس نے ایک بار پھر ملک میں تیزی سے وار شروع کردیے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کرونا سے متاثر ہوگئے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے دو سینیٹرز کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیاگیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصدیق کی کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ پازٹیو آیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ انہیں علامات ظاہر ہوئیں یا پھر نہیں ہوئیں تھیں۔

قبل ازیں کرونا سے متاثر ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر جام مدد علی خان اور راشد کو طبیعت ناسازی کے بعد وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، دونوں کئی روز سے اسپتال میں داخل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی جام مدد علی کو چند روز قبل کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

طبیعت ناساز ہونے کے بعد اہل خانہ نے انہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کروایا جہاں سانس لینے میں دقت کی وجہ سے ڈاکٹر نے انہیں آج وینٹی لیٹر پر منتقل کیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 30 ہزار 22 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 531 کی رپورٹ پازیٹیو آئی۔

پاکستان میں اس وقت کرونا کے کُل مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار 848 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 516 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

صوبائی سطح پر اگر بات کی جائے تو سب سے زیادہ 1 لاکھ 40 ہزار 534 سندھ میں ہیں، دوسرے نمبر پر پنجاب میں ایک لاکھ 892، خیبرپختونخواہ میں 38 ہزار 367، بلوچستان میں 15 ہزار 541، اسلام آباد میں 17 ہزار 428، آزاد کشمیر میں 3 ہزار 131 اور گلگت بلتستان میں 3 ہزار 955 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2Fr9enI

0 comments:

Popular Posts Khyber Times