کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے والد سٹینلے جانسن کو43 ہزار روپے کا جرمانہ کر دیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بورس جانسن کے والد سٹینلے جانسن کو بغیر ماسک پہنے خریداری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
اناسی سالہ سٹینلے جانسن نے چند ماہ قبل بھی سفر کے دوران کورونا ایس او پیز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا تھا۔ وزیر اعظم بورس جانسن کے والد نے اپنی غلطی مانتے ہوئے معذرت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 3 ہفتے انگلینڈ سے باہر گزار کے آئے ہیں، واپسی کے فوراً بعد ان سے نئے قوانین کو سمجھنے میں بھول چوک ہوئی اور وہ خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس ایک بار پھر بےقابو ہو گیا ہے جس کے باعث حکومت نے نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
حکومت برطانیہ نے ملک بھر میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر عوام کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے احکامات کے مطابق 30 افراد کے اجتماع کو 6 افراد تک محدود کیا جائے گا جبکہ پابندیوں سے متعلق مزید اعلانات وزیراعظم بورس جانسن کریں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ گھر کے اندر اور باہر اجتماعات پر پابندی ہوگی تاہم کورونا سیکیور اسکول، دفاتر، اسپورٹس، شادی بیاہ تقریبات اور جنازوں پر اطلاق نہیں ہوگا۔
پابندی پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو جرمانے کئے جائیں گے جبکہ ریستوران سے بھی محض کھانا لے جانے کی اجازت ہوگی۔
چند روز قبل برطانیہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر دوبارہ لاک ڈاون کے خلاف ہزاروں افراد لندن کی سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹریفلگر سکوائر پر ہونے والے احتجاج کرنے والے مظاہرین نے جانسن حکومت کی کورونا وائرس پر قابو پانے کی حکمت عملی کو مسترد کردیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر لاک ڈاون اور جانسن حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2HBOaLV
0 comments: