دنیا کی سب سے بڑی سنیما چین 'اے ایم سی انٹرٹینمنٹ ہولڈنگز' نے بھی امریکا میں اپنے بیشتر سنیما کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
اے ایم سی انتظامیہ کے مطابق 'وہ 20 اگست سے امریکا میں موجود اپنے دو تہائی سنیما ہالز کے دروازے کھول دیں گے'۔
اے ایم سی کے امریکا میں مجموعی طور پر 600 سے زائد سنیما ہیں جن میں سے لگ بھگ 400 کو احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے جب کہ کمپنی کو 100 سال مکمل ہونے اور فلم کے شوقین افراد کو دوبارہ سنیما آنے پر راغب کرنے کے لیے انتظامیہ نے سنیما کھولنے کے پہلے روز ٹکٹ کی قیمت صرف 15 سینٹ مقرر کی ہے۔
کمپنی نے 100 سال مکمل ہونے کی خوشی اور بند سنیما دوبارہ کھولنے کے اس موقع پر ایک نعرہ بنایا ہے جو '2020 میں 1920 کی قیمت پر فلم دیکھیے' ہے۔
کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکا کے 100سے زائد مقامات پر سنیما ہالز کھولے جائیں گےجب کہ کمپنی آئندہ ہفتوں میں مزید مقامات پر دیگر سنیما بھی کھولنے کی تیاری کر رہی ہے۔
اے ایم سی انتظامیہ کے مطابق سنیما آنے والے فلم بینوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا جب کہ تھیٹر میں تماشائیوں کی تعداد محدود رکھی جائے گی اور سنیما گھروں کے لیے وینٹی لیشن سسٹم کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اے ایم سی نے یکم جولائی سے امریکا اور برطانیہ بھر میں اپنے سنیما ہالز کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن امریکا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کمپنی نے یہ فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3kO0GXL
0 comments: