Friday, August 28, 2020

طوفانی بارشوں کے بعد کراچی میں اب بجلی کا بحران، شہریوں کا کئی مقامات پراحتجاج

لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کا کئی مقامات پر احتجاج
کراچی کے پوش علاقے کلفٹن اور ڈیفنس سمیت درجنوں آبادیوں سے بارش کے پانی کی عدم نکاسی کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل دورانیے کی بندش شہریوں کیلئے دہرا عذاب بن گئی ہے۔ شارع فیصل اور کالا پُل سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔

کے الیکٹرک نے شکایات سننے کے بجائے اپنے کال سینٹر پر صرف بجلی کی وجہ سے کسی موت یا انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں فون کرنے کے پیغام کی ریکارڈنگ لگا دی ہے۔ وقت لینے کے لئے کوشش کے باوجود ترجمان کے الیکٹرک کا موبائل فون بند پایا گیا ہے۔

رات 12 بجے موصول ہونے والی شکایت کے مطابق کراچی کے پوش علاقے کلفٹن بلاک 5،7، 2 اور ایک کل سے بجلی سے محروم ہیں۔ کلفٹن میں بجلی کی بندش کا شکار علاقوں میں بلاول ہاؤس کے اطراف کی آبادی بھی شامل ہے۔

ڈیفنس فیز ون، فیز 6 کے علاوہ خیابان اتحاد، اسٹریٹ 36 اور صبا ایونیو کے علاقے بجلی کی بندش سے خاص طور پر متاثر ہیں۔

دیگر علاقے باتھ آئی لینڈ اور کلفٹن تین تلوار کے اطراف میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے بجلی نہیں ہے۔

دوسری جانب اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر میں بھی بجلی نہیں ہے۔ صدر میں عبداللہ ہارون روڈ کے اطراف کی آبادی بھی بجلی سے محروم ہے۔

کراچی پریس کلب میں گزشتہ 40 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔کیماڑی، برنس روڈ، گلزار ہجری، سعدی ٹاؤن، اسکیم 33، ابوالحسن اصفہانی روڈ، پیراڈائز ہومز اور اطراف کے علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

کراچی کے دیگر علاقے قائدآباد اور ملیر کے بیشتر علاقوں میں بھی کئی دن سے بجلی نہیں ہے۔ قائدآباد کے بعض علاقوں میں رات گئے بجلی کی بحالی کی اطلاعات ملنا شروع ہوئی ہیں۔

گلشن اقبال بلاک 5 اور اطراف کی آبادیاں بھی بجلی سے محروم ہیں۔ گلستان جوہر سے بھی بجلی کی معطلی کی شکایات ہیں۔ محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی، شیر شاہ، ہاکس بے روڈ اور مچھر کالونی میں بھی بجلی کی بندش کی شکایات ہیں۔

شہریوں کے مطابق یو پی ایس کی بیٹریز گزشتہ روز سے ہی ختم ہوچکی ہیں۔ بیشتر گھروں میں جنریٹر طویل دورانیہ چلنے کے بعد جواب دے گئے ہیں۔ کئی آبادیوں میں پانی کھڑا ہونے کے ساتھ ساتھ بجلی بند ہونے سے ہو کا عالم ہے۔

بجلی کی بندش کے خلاف شارع فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب شہریوں نے احتجاج کیا اور مشتعل افراد نے ٹریفک بند کر دیا، جسے بعد میں پولیس نے بحال کرا دیا۔

ڈیفنس اور اطراف کی آبادیوں میں بجلی کی بندش کے خلاف شہری احتجاج کرتے ہوئے کالا پُل پہنچے جہاں ڈیفنس آنے اور جانے والے دونوں راستے ٹریفک کے لئے بند کر دیے۔

شیرشاہ اور نواحی بستیوں میں بھی بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں نے گل بائی پُل کے نیچے ٹریفک بند کر دی۔

محمود آباد اور بلوچ کالونی میں بجلی کی بندش کے خلاف شہری ایکسپریس وے پر سراپا احتجاج بنے رہے۔ مشتعل افراد نے ایکسپریس وے پُل کے نیچے احتجاج ریکارڈ کرایا اور بعد ازاں منتشر ہوگئے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2Qx4ijd

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times