آج وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، ٹائیگر فورس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم میں شامل ہونے کو تیار ہے۔
ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔
اس ایپ سے پودوں کی لائیو لوکیشن اور تعداد معلوم کی جا سکتی ہے، پودا لگانے والا رضا کار ایپ کے ذریعے اپنی گرین سیلفی اپلوڈ کر سکے گا، ایپ کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹے میں 16 ہزار پودے لگائے گئے، یہ خصوصی ایپ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل شجر کاری مہم کا آغاز ہوا ہے، اب کراچی سے خیبر تک لگائے گئے ایک ایک پودے کا ریکارڈ دستیاب ہوگا، اکثر اپوزیشن ارکان کو بھی پودے گننے کا شوق رہتا ہے، اب اپوزیشن ارکان ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے گھر بیٹھے پودے گن سکیں گے۔
انھوں نے کہا چاہیں تو تجربے کے طور پر گھر میں پودا لگا کر لائیو اپ ڈیٹ دیکھ لیں، شجر کاری مہم کا ڈیٹا 3 مختلف طریقوں سے حاصل کیا جا سکے گا، شہری 8070 پر GS لکھ کر میسج بھی بھیج سکیں گے، محکمہ جنگلات کے افسران بھی موبائل میں شجر کاری مہم کا ریکارڈ رکھیں گے۔
ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کریں گے، آج انشاء اللہ 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، وزیر اعظم کے ماحول دوست اقدامات پاکستان کی عزت کا باعث بن رہے ہیں، ہم آئندہ نسلوں کو سر سبز پاکستان دیں گے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3fIgp7c
0 comments: