Sunday, June 7, 2020

پی آئی اے طیارہ حادثہ: بلیک باکس سمیت تمام اہم شواہد اسلام آباد پہنچ گئے، بڑی پیشرفت سامنے

پی آئی اے طیارہ حادثہ میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) کے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ ایئرکموڈور عثمان غنی اہم شواہد لے کر پاکستان واپس پہنچ گئے۔

پاکستانی ٹیم کے سربراہ فرانسیسی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے ڈی کوڈ کیے گئے بلیک باکس سمیت تمام اہم ریکارڈ لے کر اسلام آباد پہنچے۔

پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایئرکموڈور عثمان غنی فرانس میں عالمی ماہرین کے ساتھ مل کر طیارہ حادثے کی تحقیقات کررہے تھے، وطن واپسی کے لیے وہ فرانس سے جرمنی گئے اور پھر فرینکفرٹ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی خصوصی پرواز پی کے 8734 سے اسلام آباد روانہ ہوئے۔

فرانسیسی ماہرین نے گزشتہ روز حادثے میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کے بلیک بکس اور کاکپٹ وائس ریکارڈر سمیت دیگر ڈیٹا کو ڈی کوڈ کرنے کے بعد ریکارڈ ایئر ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ عثمان غنی کے حوالے کیا تھا۔

ایئر کموڈور عثمان غنی اہم شواہد سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ چند روز میں ایوی ایشن ڈویژن میں جمع کرائیں گے، ذرائع کے مطابق کاکپٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقات کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔

ایئرکموڈور 22 جون کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور طیارہ حادثے کے اہم شواہد پر مبنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں:کراچی ایئرپورٹ کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، متعدد افراد شہید

یاد رہے کہ 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر جاں بحق جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی اموات بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2UfR0d9

Related Posts:

0 comments:

Popular Posts Khyber Times