
کراچی کے علاقے کیماڑی میں چھ قیتمی جانوں کے ضیاع پر لواحقین غم سے نڈھال ہیں، پولیس کی جانب سے متاثرہ افراد اور اہل خانہ کے بیانات قلم بند کر لیے گئے، نیوی کی ٹیم نے متاثرہ افراد کا معائنہ کیا اور خون کے نمونے لے لیے، علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن بھی کیا، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ پورٹ کے اندر بھی آپریشن کر کے اسے کلیئر کر دیا گیا ہے، گیس لیکج ہے یا کمیکل ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔
زہریلی گیس کے اخراج کا سبب جاننے کے لیے کے پی ٹی انتظامیہ نے پاکستان نیوی سے مدد طلب کر لی ہے، کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل زاہد الیاس سے چیئرمین کے پی ٹی کا رابطہ ہوا، جس کے بعد پاکستان نیوی کی بائیولوجیکل کیمیکل ڈیمیج کنٹرول ٹیم متاثرہ علاقے میں پہنچی۔ نیوی کی خصوصی ٹیم متاثرہ علاقے کا جائزہ لے گی اور وجوہ کا تعین کرے گی۔
دوسری طرف زہریلی گیس پھیلنے کے بعد پولیس کو نئی مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے، جاں بحق 2 خواتین کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا، دونوں جاں بحق ہونے والی خواتین ریلوے کالونی کی رہائشی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بغیر موت کی وجہ بننے والی گیس کا پتا نہیں لگایا جا سکتا، دونوں خواتین کے گھر جا کر اہل خانہ کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے۔
کیماڑی میں نجی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں 100 سے زائد متاثرہ افراد لائے گئے، گزشتہ روز ساڑھے 7 بجے کے قریب اسپتال میں متاثرہ افراد آنا شروع ہوئے، زیادہ تر مریضوں کو سانس کی تکلیف تھی، متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، 3 مریض آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فہیم کا کہنا تھا کہ سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کے شکار افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ افراد میں سے کافی تعداد کو پیٹ درد کی شکایت بھی ہے، مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت دے رہے ہیں، لیبارٹری تجزیے کے لیے بھی مریضوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں، نتائج آنے پر معلوم ہو سکے گا کہ کون سی گیس جسم میں داخل ہوئی۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے صورت حال قابو میں آ رہی ہے، این بی سی ڈی ٹیم علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے، ٹیم زہریلی گیس پھیلنے کی بنیادی وجہ کا تعین کر رہی ہے، میں نے ویسٹ وہارف کا خود بغیر ماسک پہنے دورہ کیا، اور وہاں لنگر انداز جہازوں کا معائنہ کیا، امریکا سے سویابین لانے والے جہاز کا بھی بغیر ماسک معائنہ کیا۔
By the Help of Almighty, things are now getting under control. NBCD team is deployed & are investigating root cause of the poisonous gas. I have just now personally visited East Wharf & checked on the ships, including the vessel carrying soya bean from the US without any mask. pic.twitter.com/kq5PM20NYH
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) February 16, 2020
کیماڑی میں پراسرار گیس سے اموات پر پی ڈی ایم اے میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، ایمرجنسی کی صورت میں 35381810-021 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/38xisIk
0 comments: